اسلام آباد ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آج صبح تین بسیں طورخم بارڈر سے کلیئر ہوئی ہیں، 900 غیر ملکی سفارتکار اور ان کے عملے کو ہم چودہ اگست سے لیکر اب تک پاکستان بائی ائیر لائے ہیں، نور خان ائیر پورٹ پر بھی پورا سسٹم لگایا ہوا ہے، 613 پاکستانیوں کو چودہ اگست سے لیکر اب تک پاکستان لایا گیا ہے۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ دو دن میں ہم سب پاکستانیوں کو واپس لے آئیں گے، جو وہاں رہنا چاہیں ان کی مرضی، ہم کسی کی زمین پر پاکستان سے مداخلت نہیں ہونے دیں گے اور نہ کسی کو پاکستانی سرزمین پر مداخلت کرنے دیں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق نہ صرف فارن ڈپلومیٹس کو ، فارن آفس کے تعاون کے ساتھ بلکہ فارن میڈیا کو بھی فوری سہولت دی ہے کہ پاکستان آنے پر بھی ان کو ویزہ دیا جائیگا، آپ میری آنکھوں سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ صبح صبح تین بسیں طورخم بارڈر سے کلیئر کی ہیں، اس وقت تقریباً 120 پاکستانی وہاں ہیں جہاں سفیر صاحب بائی روڈ پہنچے ہیں ان کو کہا کہ اگر ان کے ساتھ افغان فیملی ہیں تو ان کو بھی ہم سہولت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان اپنے مسئلوں کو خود حل کریں، ایک مستحکم افغانستان ، پرامن افغانستان ، پاکستان کیلئے بھی اتنا ہی ضروری ہے، ہمیں امید ہے کہ افغانستان کے حالات بہتر ہوں گے، طورخم بارڈر بالکل پرسکون ہے اور چمن بارڈر پر بھی کوئی مسئلہ نہیں، تمام نقل و حمل اور تجارت پرسکون طریقے سے جاری ہے اور اس حوالے سے بھارتی میڈیا کی تردید کرتا ہوں ، کوئی افغان مہاجر وہاں سے پاکستان نہیں آرہا اور یہ بھارتی میڈیا کی سو فیصد غلط بیانی ہے۔