وزیر اعظم ،بلاول ، آصف زرداری کی لکی مروت میں تھانے پر دہشت گرد حملے کی مذمت

وزیر اعظم ،بلاول ، آصف زرداری کی لکی مروت میں تھانے پر دہشت گرد حملے کی مذمت
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری نے لکی مروت میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخواہ کے ضلع لکی مروت کےپولیس تھانہ برگئی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے چار شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت، اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پولیس کے افسروں اور جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں، قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے، دہشت گرد پاکستان اور عوام کے کھلے دشمن ہیں، دہشت گردوں کے خلاف قوم کی ڈھال بننے والے ہمارے ہیرو ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردوں، ان کے معاونین اور سہولت کاروں سب کا خاتمہ اولین قومی ترجیح ہے۔ خیبر پختونخواہ حکومت شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو شہدا پیکج دے۔وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر کی دعا کی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے لکی مروت میں دہشت گردوں کے ہاتھوں پولیس اہلکاروں کی شہادت کی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بیان میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں پر حملے تشویشناک ہیں، دہشت گردوں کا پیچھا کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے لکی مروت میں دہشتگردی کی مذمت کی ہے، آصف علی زرداری نے لکی مروت میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ باعث تشویش ہے،دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔آصف علی زرداری نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔