کورونا بچوں پر وار کرنے لگا، صورتحال تشویشناک

کورونا بچوں پر وار کرنے لگا، صورتحال تشویشناک
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے وار جاری ہیں۔ اب 16 سال سے کم عمر بچے بھی اس کی لپیٹ میں آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹروں نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیدیا ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون اپنی شکل کو تبدیل کرکے زیادہ مہلک ہو سکتی ہے۔ ڈاکٹروں کی تنظیم نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اجتماعات، دھرنوں اور سیاسی جلوسوں پر پابندی عائد کرے تاکہ موذی وبا کا پھیلائو روکا جا سکے۔ پی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ان دنوں کورونا وائرس تیز رفتاری سے پھیلتے ہوئے 16 سال سے کم عمر بچوں کو متاثر کر رہا ہے، صورتحال ایسی ہی رہی تو آئندہ ہفتے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ https://twitter.com/OfficialNcoc/status/1483286233312894978?s=20 بیان میں کراچی میں کورونا کے بڑھتے کیسوں پر بھی اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہر قائد میں رجسٹرڈ پازیٹو کیسز کی شرح چالیس فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ تاہم غیر رجسٹرڈ کیسز کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ روز ملک بھر میں 53 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 9 اعشاریہ 45 فیصد یعنی 5 ہزار 34 کیس پازیٹو پائے گئے۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران 10 افراد کورونا وائرس کے موذی مرض میں مبتلا ہو کر جاں بحق ہو گئے۔