مراکش کشتی حادثہ، ایف آئی اے نے 3 مقدمات درج کرلیے، خاتون ملزمہ گرفتار

مراکش کشتی حادثہ، ایف آئی اے نے 3 مقدمات درج کرلیے، خاتون ملزمہ گرفتار

 (ویب ڈیسک ) ایف آئی اے نے سپین کشتی حادثے کے ابتدائی طور پر 3 مقدمات درج کر دیے ہیں ۔  گوجرنوالہ سرکل میں 1 اور ایف آئی اے گجرات سرکل میں 2 مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے ۔ ایف آئی اے نے گجرات سے ایک خاتون ملزمہ غلام فاطمہ کو گرفتار کیا   ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سرکل گوجرانوالہ میں شبنم بی بی کی مدعیت میں انسانی اسمگلروں اصغر سندھی اور اسامہ عرف رانا عثمان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔  جاں بحق علی رضا اور  ابو بکر کا مقدمہ ایف آئی اے گجرات سرکل میں درج کیا گیا ہے ۔ جا ں بحق دونوں افراد کا مقدمہ گجرات کے انسانی اسمگلر فہدی گجر کیخلاف درج کیا گیا ہے ۔

مقدمات میں نامزد کیے گئے ملزمان نے غیر قانونی طور پر شہریوں کو موریطانیہ سے کشتی کے ذریعے سپین بھجوانے کی کوشش کی ۔

 کشتی  سمندر میں حادثے کا شکار ہونے پر علی رضا اور ابو بکر جاں بحق ہو گئے  جبکہ سپین کشتی حادثے میں عرفان اور ارسلان کو زندہ بچا لیا گیا تھا۔جاں بحق اور زندہ بچ جانے والے افراد کے الگ الگ مقدمات انسانی اسمگلروں کیخلاف درج کر لیے گئے ہیں ۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ  نامزد ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے کی ٹیمیں کریک ڈاؤن کر رہی ہیں۔

خاتون ملزمہ گرفتار

دوسری جانب   مراکش کشتی حادثے میں ملوث 2 انسانی اسمگلرز کی سہولت کار ماں  کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ڈائریکٹر ایف آئی اے عبد القادر قمر کا کہنا ہے کہ   غلام فاطمہ کو گجرات سےگرفتار کیا گیا،  ملزمہ اپنے بیٹوں شہزاد اور خاور کے کہنے پر ڈنکی لگانے والوں سے رقم وصول کرتی تھی۔

ایف آئی اے کے مطابق  شہزاد اور خاور نے نوجوانوں کو غیر قانونی طریقے سے بیروں ملک بھیجا۔ 

مراکش کے قریب کشتی حادثہ وزیرآباد کا نوجوان بھی شامل  ہے۔   کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے شہزاد بٹ کا تعلق وزیرآباد کے علاقہ ہری پور  سے  ہے۔ شہزاد بٹ کے اہل خانہ نے وفات کی تصدیق کر دی۔

ذرائع کے مطابق  شہزاد بٹ کو بھی کشتی پر تشدد کر کے موت کے گھاٹ اتارا گیا۔  شہزاد بٹ کو عامر سمیت تین ایجنٹوں نے 45 لاکھ روپے کے عوض اسپین پہنچانا تھا۔  عامر نامی ایجنٹ کا تعلق وزیرآباد کے علاقہ جناح کالونی سے بتایا جاتا ہے۔  شہزاد بٹ کو پہلے موریطانیہ بائی ایئر پہچایا گیا ،  شہزاد بٹ کو باقی لوگوں کے ہمراہ یورپ کے لیے کشتی کے زریعہ ڈنکی لگوائی گئی،  تین ایجنٹوں کے ذریعہ شہزاد بٹ اسپین سفر کیلئے روانہ ہوا۔

تین ایجنٹوں میں عامر، حافظ عثمان اور رانا لیاقت کے نام سامنے آئے ہیں۔عامر اور حافظ عثمان کا تعلق وزیرآباد جبکہ رانا لیاقت کا تعلق گوجرانوالہ سے بتایا جاتا ہے۔

موریطانیہ سے اسپین جانے والی کشتی حادثہ کے افراد میں کامونکی کا ایک نوجوان بھی جاں بحق  ہوگیا، 32 سالہ وقاص کا تعلق نواحی گاؤں اکبر گھنوکی سے ہے۔

مراکو کی سمندری حدود میں لیجاکر غیر ملکی ایجنٹوں نے وقاص سمیت دیگر پاکستانیوں کو مبینہ طور پرقتل کیا ۔ وقاص کی موت کی اطلاع ملنے پر گاؤں میں سوگ کی فضا  ہے۔ وقاص کے گھر اہلخانہ اور عزیزواقارب تعزیت کیلئے پہنچ رہے ہیں۔

 ڈنکی لگا کر بیرون ملک جانے والوں کیلئے فتویٰ  آگیا

ادھر جامعہ نعیمیہ کے دارالافتاء نے ڈنکی لگا کر بیرون ملک جانے والوں کیلئے فتویٰ جاری کردیا۔

دارالافتاء کی جانب سے جاری فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ ڈنکی لگاکربیرون ملک جانا قانونی اور شرعی لحاظ سے جائز نہیں لہٰذا بیرون ملک جانے والے افراد قانونی طریقے اور محفوظ راستے اختیار کریں۔

فتویٰ میں مزید کہا گیا کہ غیر قانونی کام کے پیسے لینا ایجنٹ حضرات کے لیے جائز نہیں، حکومت انسانی جانوں کے دشمن ایجنٹوں کے حوالے سے قانون سازی کرے۔

دوسری جانب   یونان کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ انسانی اسمگلر گرفتار کرلیا گیا۔ ایف آئی اے نے ملزم عبدالسلام  کو بھمبر آزاد کشمیر سے گرفتار کیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے۔  ملزم نے ساتھیوں کی ملی بھگت سے احسن کو یورپ بھجوانے کے لئے 45 لاکھ روپے وصول کئے، کشتی حادثے میں نوجوان جابحق ہوگیا تھا۔

Watch Live Public News