دریائے سندھ : کشتی الٹنے سے خواتین سمیت 19 افراد ڈوب گئے

دریائے سندھ : کشتی الٹنے سے خواتین سمیت 19 افراد ڈوب گئے
صوبہ پنجاب میں دریائے سندھ میں کشتی الٹ گئی، حادثے میں خواتین سمیت 19 افراد ڈوب گئے۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ صادق آباد کے علاقے ماچھکہ میں پیش آیا جہاں مقامی افراد دریا پار کرنے کے دوران حادثے کا شکار ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق حادثے میں اب تک 19 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں، دریائے سندھ سے نکالی گئی لاشیں خواتین کی ہیں، باراتیوں سے بھری کشتی میں خواتین اور بچوں سمیت 100 افراد سوار تھے، حادثے کے بعد زیادہ تر افراد کو مقامی افراد نے بچا لیا تھا . ان کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ میں ڈوب جانے والے افراد کی تلاش میں ریسکیو آپریشن جاری ہے، افسوسناک حادثہ اوور لوڈنگ کے باعث پیش آیا. واضح رہے کہ گذشتہ سال ایسا ہی افسوسناک واقعہ ٹھٹھہ کے علاقے سجاول میں پیش آیا جہاں گھاس کے بنڈل لے کر گاؤں کی طرف جانے والی چھ خواتین دریا پار کرنے کے دوران حادثے کا شکار ہوگئیں تھیں۔ آبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کے دوران دریاؤں میں طغیانی کی صورت حال پیدا ہوجاتی ہے، جس کے باعث ایسے حادثات رونما ہوتے ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔