سمندر پار پاکستانیوں کیلئے موبائل فونز کی عارضی رجسٹریشن کے نظام کا اجرا کردیا

سمندر پار پاکستانیوں کیلئے موبائل فونز کی عارضی رجسٹریشن کے نظام کا اجرا کردیا
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے موبائل فونز کی عارضی رجسٹریشن کے نظام کااجرا کردیا ۔ سمندر پار پاکستانیوں کے موبائل فونز کے لئے عارضی رجسٹریشن کے نظام کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی تارکین وطن کے لئے جلد نان فنانشل پیکج کااجرا جلد کریں گے، زراعت ، آئی ٹی اور معدنیات کے شعبے پاکستان کی برآمدات بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتےہیں۔سمندرپارپاکستانیوں کی نشاندہی پر ذاتی موبائل فون پر کسٹم ڈیوٹی کی میعاد 2 ماہ سے بڑھا کر 120 دن کی جارہی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ تارکین وطن کے لئے عارضی رجسٹریشن آن لائن نظام کا اجرا کیا ہے اس پر وفاقی وزیر آئی ٹی اور وزارت کے اعلیٰ حکام ، ایف بی آر، پی ٹی اے کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ ایک اہم ڈیوائس ہے جو سمندر پار لاکھوں پاکستانیوں کے لئے ایک بہترین سہولت ہے۔ انہیں یہ سہولت گھر بیٹھے میسر آئے گی۔ وہ 4 ماہ تک بغیر ٹیکس دیئے اپنا فون استعمال کرسکیں گے۔ اس میں 120 دن کی توسیع بھی دی جائے گی۔ اس میں مخصوص کیسز کی بجائے سب کو یہ سہولت ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو دنیا کے ترقی پذیر ممالک میں اس وقت بے پناہ سپورٹ ملی ہے۔ پاکستان کی آبادی کے کروڑوں بچے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم حاصل کررہے ہیں اور اس میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس سیکٹر میں بہت مواقع ہیں، اس کو ضائع نہیں ہونے دینا۔ وزارت آئی ٹی محنت سے خدمات سرانجام دے رہی ہے ۔ بجٹ میں وزیراعظم یوتھ سکیم کے تحت نوجوانوں کی فنی تربیت کے لئے فنڈز رکھے گئے ہیں۔ معاشی بحالی کا پروگرام مشکل سے معرض وجود میں آیا ہے۔ زراعت ، آئی ٹی ، معدنیات اور برآمدات اس کے لازمی عناصر ہیں۔ وزارت آئی ٹی کا اس میں کلیدی کردار ہے۔ آئی ٹی کی تربیت کے لئے تیزی سے کام کرنا چاہیے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موبائل فونز پر ٹیکس عائد نہ کرنے کی رائے صائب ہے لیکن اس پر فیصلے کے لئے مزید اجتماعی مشاورت اور سوچ بچار کی ضرورت ہے۔ ملک میں لاکھوں بچوں کو میرٹ پر دوبارہ لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں۔ سکول کے بچوں اور اساتذہ کو ٹیبلٹ کی فراہمی کا پروگرام بھی شروع ہونا چاہیے تھا۔ سکولوں میں حاضری کے نظام کو بھی ڈیجٹیلائزڈ کیاجائے تو یہ ایک انقلابی قدم ہو گا۔ اس میں کوئی رد و بدل نہیں کیا جا سکتا۔ ووکیشنل ٹریننگ کے لئے آئی ٹی پارک میں تیزی لائی جائے۔ وزارت کی ٹیم عرق ریزی سے کام کرے تو اس سیکٹر میں ہم تیزی سے ترقی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو موبائل کی عارضی رجسٹریشن کی سہولت دوسری بار بھی بلاتفریق دی جانی چاہیے ، اگر اس میں تفریق روا رکھی گئی تو یہ سرخ فیتے کی نذرہو جائے گا۔ تارکین وطن کو وطن واپسی پر جو بھی سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں وہ کرنی چاہئیں۔ اس کے لئے آئندہ چند دنوں میں نان فنانشل پیکج کا اعلان کررہے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔