تہران (ویب ڈیسک) ایران میں صدارتی انتخابات کیلےپولنگ جاری ہے، چیف جسٹس ابراہیم رئیسی، مرکزی بینک کے سربراہ عبدالناصر ہمتی میں کڑا مقابلہ متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح سے اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام چھوٹے و بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں تیرہویں صدارتی انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔ رہبر معظم اسلامی انقلاب آیت اللہ علی خامنہ ای نے آج بروز جمعہ ووٹنگ کے آغاز میں ہی حسینیہ امام خمینی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی موجودگی میں اپنا ووٹ ڈال کاسٹ کیا۔
ایران میں 59 ملین 3 لاکھ 10 ہزار اور 307 افراد ووٹنگ میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔ ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات میں عوام کی سہولت اور بھر پور شرکت کے پیش نظر 72 ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ صدارتی انتخابات سے تین امیدوار دستبردار ہو گئے ہیں جن میں مہر علیزادہ، علی رضا زاکانی اور سعید جلیلی شامل ہیں ۔ تین امیدواروں کے صدارتی انتخابات سے دستبردار ہوجانے کے بعد اب چار امیدوار سید ابراہیم رئيسی ، محسن رضائی ، قاضی زادہ ہاشمی اور عبدالناصر ہمتی میدان میں موجود ہیں اور ایرانی عوام آج بروز جمعہ 18 جون کو ان میں سے کسی ایک کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کرکے اسے آئندہ چار سال کے لئے ایران کے صدر کے عنوان سے منتخب کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ دنیا کے 226 ذرائع سے تعلق رکھنے والے 500 غیر ملکی صحافی ایران میں ہونے والے 13 ویں صدارتی انتخابات اور شہری- دیہی اسلامی کونسلز کے چٹھے الیکشن کی کوریج کر رہے ہیں۔