اسلام آباد پولیس کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی پیشی کے حوالے سےایس او پیز جاری کردیے گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے اس کی پابندی کرنا ہوگی ، عدالت، احاطہ یا قریب کوئی بھی مسلح شخص موجود نہیں ہوگا ، عدالت میں ساتھ جانے والے افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ کرائی جائےگی ۔ اعلامیے کے مطابق لاٹھیاں یا دیگر نقصان پہنچنے والی کوئی چیز عدالتی احاطے میں لانے پرپابندی ہوگی ، ریاست کے خلاف اور اشتعال انگیز نعرے یا مجمعے کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی ۔ اسلام آباد پولیس نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان تمام ایس او پیز پر عمل در آمد کروانے کے پابند ہیں ۔