پبلک نیوز: پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ ایسا جواب دیا ہے جو ان کو ہمیشہ یاد رہتا ہے اور دوبارہ ایسی غلطی نہ کرنے کی نصحیت بھی کرتا ہے۔
پاکستان کے ازلی دشمن بھارت نے ہمیشہ بزدلانہ وار کرنے کی کوشش کی مگر اسے منہ کی کھانی پڑی، پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ کارکردگی ہمیشہ سے متاثر کُن رہی ہے۔
بھارت کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان نے اس بات کا برملا اعتراف کیا ہے کہ پاکستان معاشی مسائل کا شکار ہوسکتا ہے لیکن عسکری طور پر اس کی صلاحیتوں میں کوئی کمی نہیں آئی۔
بھارتی جنرل کی جانب سے پاکستان کی مسلح افواج کی تعریف کے پیچھے ایک تاریخ ہے اور یہی تاریخ پاکستان کی مسلح افواج کو خطے میں منفرد بناتی ہے۔
فروری 2019ء کو بھی بھارت کو آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں ایسا جواب دیا گیا تھا جس کے بعد دوبارہ اس کی جانب سے مہم کی ہمت نہیں کی گئی۔
بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف انیل چوہان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’’ہمارے دونوں پڑوسی ہمارے خلاف ہیں، دونوں کی جانب سے دوستی کو ہمالیہ سے اونچا قرار دیا جاتا ہے اور دونوں جوہری ہتھیاروں سے لیس ہیں‘‘۔
جنرل انیل چوہان نے اعتراف کیا ہے کہ ہمیں نئے ہتھیاروں کے نظام، ٹیکنالوجی اور جنگ کیلئے اپنی حکمت عملی کو بدلنے کی ضرورت ہے۔
مسلح افواج کے اعلیٰ جنرل کے یہ ریمارکس ہندوستانی فوج کی جانب سے بین الاقوامی سرحد کے قریب پوکھران میں میگا مشق 'بھارت شکتی' کے انعقاد کے چند دن بعد سامنے آئے ہیں۔
بھارتی فوج کے جنرل کی جانب سے پاکستان کی مسلح افواج کے بارے میں بیان کے بعد مودی سرکار کو سمجھ لینا چاہئے کہ کسی طرح کی مہم جوئی ان کیلئے کتنی خطرناک ہوسکتی ہے۔