ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سی اے اے  کا  مسافروں کو اپنے حقوق جاننے  ،شکایات کیلئے  دعوے دائر کرنے کی اہمیت پر زور

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سی اے اے  کا  مسافروں کو اپنے حقوق جاننے  ،شکایات کیلئے  دعوے دائر کرنے کی اہمیت پر زور

(ویب ڈیسک ) سدھیر چودھری : پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سی اے اے (اے وی ایم) تیمور اقبال نے  مسافروں کو اپنے حقوق جاننے اور پرواز کی منسوخی جیسی شکایات کے لیے دعوے دائر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

 ڈائریکٹر آف ایئر ٹرانسپورٹ (اے ٹی) نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ایک دستاویز تیار کی جا رہی ہے کہ فلائٹ منسوخی جیسے معاملات میں ایئر لائنز زیادہ تفصیلی وجہ بتاسکیں۔

ای کچہری میں مسافروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے افسران کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کے حوالے سے  مئی میں اپ ڈیٹ ہو گی۔ سیرین ایئر اور پی آئی اے کے خلاف شکایات کا اس یقین دہانی کے ساتھ  ازالہ کیا گیا کہ ان ایئر لائنز کے ساتھ شکایات کے حوالے معاملات کو دوبارہ اٹھایا جائے گا۔ امیگریشن کاؤنٹرز پر ایف آئی اے کے ناکافی عملے کے بارے میں شکایت کے جواب میں، ایڈیشنل ڈی جی نے وضاحت کی کہ متعلقہ ایجنسی امیگریشن کاؤنٹرز، خاص طور پر رش کے اوقات میں مناسب تعداد میں اہلکاروں کو تفویض کرنے کی ذمہ دار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مسئلہ متعدد بار اٹھایا جا چکا ہے اور اس پر مزید کارروائی کی جائے گی۔ ڈرونز کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں، ایڈیشنل ڈی جی نے بتایا کہ ڈرون پالیسی پر ایک دستاویز تیار کی جا رہی ہے، جس میں مختلف پہلوؤں کا احاطہ کیا جا رہا ہے، اور حتمی ہو جانے کے بعد PCAA کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوگا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے PK 8303 حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں واضح کیا کہ احتساب کو یقینی بنانے کے لیے مخصوص طریقہ کار اور تقاضے ہیں جن پر عمل کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ، ایڈیشنل ڈی جی نے کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی پارکنگ میں راہنمائی کے لئے مناسب نشانات کی کمی کے بارے میں شکایت کا ازالہ کرتے ہوئے، خصوصی افراد کے لیے جگہیں مختص کرنے اور مسافروں اور دیگر زائرین کی مدد کے لیے صاف  واضح نشانات لگانے کی ہدایت کی۔

 ٹرالیوں کی کمی کے حوالے سے ایک اور شکایت کنندہ کے ساتھ بات چیت میں ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ حال ہی میں ہوائی اڈوں پر مناسب تعداد میں ٹرالیاں فراہم کی گئی ہیں لیکن پھر بھی شکایت کنندہ سے رابطہ کی معلومات، فلائٹ نمبر، تاریخ اور وقت کی درخواست کی گئی تاکہ مخصوص واقعے کی تحقیقات کی جاسکیں۔

ایڈیشنل ڈی جی سی اے اے نے ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) سے دبئی کے لیے پروازیں شروع کرنے کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فی الحال کوئی بھی ایئرلائن ڈی جی خان کے لیے آپریٹ نہیں کرتی کیونکہ ایئرلائنز اسے اقتصادی طور پر غیر قابل عمل پاتی ہیں، حالانکہ ایئرپورٹ فلائٹ آپریشن کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

ہیڈ اکنامک افئیرز