ویب ڈیسک: پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر انجم سعید غیر ملکی دورے سے وطن واپسی پر مبینہ طور پر جہاز میں سگریٹ نوشی کرتے پکڑے گئے جس کے بعد انہیں آف لوڈ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ارجنٹینا سے وطن واپسی پر ٹرانزٹ کے لیے جہاز ایک دوسرے ائیرپورٹ پر رُکا، اس معاملے پر ذرائع کا کہنا ہے کہ بتایا گیا کہ جہاز واپسی پر برازیل میں ٹرانزٹ کے لیے رُکا تو جہاز رُکنے پر انجم سعید نے مبینہ طور پر سگریٹ نوشی کی۔
ذرائع کے مطابق جہاز کے عملے نے سگریٹ نوشی پر شکایت کی تو سکیورٹی عملے نے انجم سعید کو آف لوڈ کردیا، بعدازاں منیجر انجم سعید اور ایک کھلاڑی کے علاوہ باقی تمام سکواڈ وطن واپس روانہ ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرلائن حکام نے دونوں کو سفر کی اجازت نہیں دی۔ بعد ازاں دونوں مسافروں کو جہاز سے اتار دیا گیا، جس کے باعث ٹیم کی واپسی متاثر ہوئی۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر انجم سعید نے واقعے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاز سے آف لوڈ کیے جانے کی خبر درست نہیں اور یہ ان کے خلاف پروپیگنڈہ ہے۔
ان کے مطابق وہ اور ایک کھلاڑی دبئی میں قیام کے لیے رکے تھے اور بعد میں بحفاظت وطن واپس پہنچ چکے ہیں، واقعے کے حوالے سے تاحال پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔