ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 8 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 52 رنز سے شکست دیدی ہے۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے 191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پال اسٹرلنگ 5، حسن نواز 21،ریسی ون ڈر ڈسن 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کولن منرو 31 ، کپتان شاداب خان 1 رنز بنا سکے۔اس کے علاوہ اعظم خان 16 اور فہیم اشرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ملتان سلطانز کی جانب سےعباس آفریدی نے 4 آؤٹ کیے جبکہ اسامہ میر ، احسان اللہ اور محمد الیاس نے 2، 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے شان مسعود نے 3 ، رائیلی روسو 36، ڈیوڈ ملر 52 ، اور محمد رضوان 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کیرون پولارڈ 32 رنزبناکر ناقابل شکست رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کےرومان رئیس،وسیم جونیئر،شاداب خان اور ٹام کرن نے ایک ایک وکٹ لی۔ خیال رہے کہ ملتان میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے خلاف پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل8 میں ملتان سلطانز نے جیتنے کی ہیٹرک کرلی ہے۔