مریم نواز کیخلاف توہین عدالت کارروائی کی استدعا

مریم نواز کیخلاف توہین عدالت کارروائی کی استدعا
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی احتساب بیورو ( نیب) نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز پر ہرجانہ عائد کرنے اور توہین عدالت کے تحت کارروائی کی استدعا کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق نیب کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں لیگی رہنما مریم نواز شریف کی بریت کی درخواست پر اپنا تحریری جواب جمع کراتے ہوئے پولیٹیکل انجینئرنگ کا الزام مسترد کر دیا ہے۔ نیب کی جانب سے عدالت میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو لیک والے معزز جج کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ مریم نواز نے آج تک لندن فلیٹس کا جواب نہیں دیا۔ قومی احتساب بیورو کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ دوسری جانب نواز شریف نے بھی ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے برطانیہ میں موجود اپنی پراپرٹی کیسے خریدی اور ان کے حصول کیلئے پاکستان سے وہاں رقم کیسے منتقل کی؟ تحریری جواب میں مریم نواز کی بریت کی درخواست کو عدالت کو دھوکا دینے، نقابل سماعت، حقائق کے منافی اور جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نیب کورٹ نے شفاف ٹرائل کے بعد ایون فیلڈ ریفرنس میں قانون کے مطابق نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو سزا دی تھی۔ عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ پاناما کیس میں مانیٹرنگ جج صرف عدالت عظمیٰ کی آبزرویشن پر عملدرآمد کیلئے تھا۔ لیگی رہنما مریم نواز کا 3 الگ الگ ریفرنس بنانے کے اعتراضات بھی ٹھیک نہیں ہیں۔ وہ صرف ایک ہی ریفرنس میں نامزد ہیں، اس لئے وہ 3 ریفرنسوں کا اعتراض نہیں اٹھا سکتیں۔ تین ریفرنس بنانا خلاف قانون نہیں، اسی لئے نواز شریف کے اعتراضات بھی مسترد ہوئے۔ نیب کے مطابق مریم نواز کے الزامات پر عدالت عظمیٰ پہلے ہی اپنا فیصلہ دے چکی ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلے پر عملدرامد کیلئے نگران جج کو مقرر کیا گیا تھا۔ مریم نواز کے نگران جج پر الزامات توہین عدالت کے مترادف ہیں۔

Watch Live Public News