پی ٹی آئی کا کراچی میں نئے بلدیاتی انتخابات کروانے کا مطالبہ

پی ٹی آئی کا کراچی میں نئے بلدیاتی انتخابات کروانے کا مطالبہ
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی جانب سے شہر قائد میں 15 جنوری کو ہونے والے حالیہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے اور کراچی میں نئے بلدیاتی انتخابات کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ پہلے کراچی میں انتخابات ملتوی کرنے کی کوشش کی گئی تھی اور پھر مینڈیٹ کو چوری کیا گیا، کراچی میں عوامی مینڈیٹ کو زبردستی اور دھاندلی کے ساتھ چرایا گیا ہے ، دھاندلی الیکشن کے دن صبح کے وقت ہی شروع ہو گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما امجد آفریدی نے دھاندلی کی ویڈیو بنائی تھی ، امجد آفریدی نے ویڈیو میں کہا تھا کہ کیسے 1000 ووٹ پولنگ اسٹیشن لائے گئے تھے ، ویڈیو میں دھاندلی کرنے والوں کو پکڑا نہیں گیا ہے ، امجد آفریدی کہ جس نے دھاندلی دکھائی اسے ہی گرفتار کر لیا گیا ، امجد آفریدی اور اس کے بھائیوں کو گرفتار کر کے تشدد کیا گیا ہے ، ان کے بھائی کی ایک آنکھ مکمل ضائع ہو گئی ہے ۔ نتائج میں تاخیر کیوں ہوئی؟ نتائج میں تاخیر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کہیں پہاڑوں پر نہیں ہو رہا تھا بلکہ یونین کونسل میں ہی ہو رہا تھا، انتخابی عملے پر پریشر ڈالا گیا تھا، الیکشن کمیشن اس سارے عمل میں بے بس نظر آ رہا ہے، سب کو یہ نظر آرہا ہے کہ مینڈیٹ چوری ہو رہا ہے تو احتجاج ہوا، جب عوام نے احتجاج کیا تو پولیس نے پی ٹی آئی ورکرز کو حراست میں لے لیا، پاکستان پیپلزپارٹی نے جو بدترین دھاندلی کی ہے اس پر آواز اٹھائی تو تشدد ہوا ۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سندھ کے تمام اضلاع اور کراچی میں خوفناک کھیل کھیلا جا رہا ہے، کراچی کو دیوار سے لگایا گیا اور مردم شماری غلط ہوئی، یہ کراچی کی آبادی کو شمار نہیں کرتے کیونکہ سندھ اسمبلی کے رزلٹ بدل جائیں گے، ڈیجیٹل مردم شماری کا نام و نشان نظر نہیں آرہا ہے، کراچی کو اپنے حق کے مطابق پیسے نہیں دیے جا رہے، کل کراچی والے کھڑے ہوئے تو انہیں دہشتگرد کہا جائے گا، کراچی نے صوبے کی جماعت کو مسترد کر دیا ہے۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ 2023 جنرل الیکشن کا سال ہے اور ہم نے الیکشن کی تیاری کرنی ہے، پاکستان تحریک انصاف کا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے ، فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی معاہدے پر عمل نہیں کر رہی اور وہ ضامنوں سے بھی مخاطب ہیں، فاروق ستار تھوڑی مزید ہمت کریں اور یہ بھی بتا دیں کہ کون تھے ضامن ؟ اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کسی صورت بھی مقامی حکومت کے نتائج قبول نہیں کریں گے، الیکشن کمیشن کراچی میں مقامی الیکشن کرانے میں ناکام ہوا ہے ، الیکشن کمیشن کو مستعفی ہونا چاہیے اور کراچی کے بلدیاتی الیکشن کو کالعدم قرار دیکر نیا الیکشن کروانا چاہیے ، پاکستان تحریک انصاف میئر اور ڈپٹی میئر کے امیدوار کے لیے نام نہیں دے گی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔