3سویونٹ تک مفت بجلی،مزدور کی اجرت50 ہزار ،استحکام پاکستان پارٹی کا منشور کا اعلان

3سویونٹ تک مفت بجلی،مزدور کی اجرت50 ہزار ،استحکام پاکستان پارٹی کا منشور کا اعلان
لاہور: آئی پی پی نے منشور میں غریب اورمتوسط طبقے کے لئے تین سو یونٹ فی گھرانہ تک مفت بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جکبہ مزدور کی کم از کم اجرت پچاس ہزار روپے فی کس مقرر کی جائے گی۔ نو مئی کے بعد وجود میں آنے والی استحکام پاکستان پارٹی نے اپنا منشور جاری کر دیا۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پارٹی منشور کے حوالے سے بیان جاری کردیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج کا دن استحکام پاکستان پارٹی کے لئے یادگار دن ہے،منشور پارٹی قیادت کی اجتماعی سوچ اور سیاسی کردار کا آئینہ دار ہوتا ہے۔منشور کسی پارٹی کے پختہ عزم اور نصب العین کی وضاحت کرتا ہے۔ استحکام پاکستان کا منشورعوامی خدمت اورملکی ترقی کا روڈ میپ ہے جس میں کوئی سپیڈ بریکر نہیں۔ اس روڈ میپ کی منزل عوام اورملک کی خوشحالی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا منشور پاکستان کے روشن اور خوشحال مستقبل کا دیباچہ ہے۔ جس دل میں پاکستان کا پیار ہے وہی دل استحکام پاکستان پارٹی کو درکار ہے۔ ہماری پارٹی کا منشور بیک وقت منشور بھی ہے اور شعور بھی ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی کنگز پارٹی نہیں بلکہ کنڈم آف اسلامی جمہوریہ پاکستان کی پارٹی ہے۔ سیکرٹری اطلاعات استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ ہماری پارٹی کے منشور میں ختم نبوت اور ناموس رسالت کا دفاع سب سے مقدم اور اولین ترجیح ہے۔ منشور میں نوجوانوں کے لئے خصوصی پیکج متعارف کرائے ہیں جو پہلے کسی پارٹی کے منشور کا حصہ نہیں رہے۔ منشور میں غریب اورمتوسط طبقے کے لئے تین سو یونٹ فی گھرانہ تک مفت بجلی فراہم کرنے کا اعلان ، مزدور کی کم از کم اجرت پچاس ہزار روپے فی کس مقرر کی جائے گی۔کسانوں کو ٹیوب ویلز کی سبسیڈائزڈ سولر پینلز پر منتقلی اور زرعی اصلاحات بھی منشور کا حصہ ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ یونین کونسل کی سطح پر جدید و آراستہ فری ڈسپنسریوں کا قیام منشور کا حصہ ہے، نوجوانوں اور خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے آسان شرائط پر قرضے دئے جائیں گے۔ آئی ٹی کے شعبے میں انقلاب کے جدید منصوبے ، شہریوں کی سفری سہولت کے لئے ائر کنڈیشنڈ الیکٹرک بسیں وغیرہ بھی منشور کا حصہ ہیں ، ڈیمز اور آبی ذخائر کے منصوبے، خود مختار خارجہ پالیسی منشور میں شامل ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر تحصیل اور ڈسٹرکٹ لیول پر سپورٹس کمپلکس کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کی عالمی سطح پر پذیرائی، اولمپکس سمیت دیگر عالمی مقابلوں میں شمولیت کے پراجیکٹس شامل ہیں، انڈسٹریل زونز اور کاٹیج انڈسٹری کے قیام منشور میں شامل ہے،ضلعی سطح پر نئے میڈیکل و انجینئرنگ کالجز اور یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ لوکل ٹورازم انڈسٹری کو فروغ دینے کے منصوبے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ ، اوورسیز پاکستانیوں کی املاک اور حقوق کے تحفظ بھی منشور کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات منشور کا حصہ ہیں ، محکمہ پولیس ، انتظامیہ، عدلیہ اور ٹیکس کولیکشن وغیرہ کے نظام کو بہتر بنانے کی منصوبے بھی شامل ہیں۔ یہ ڈیجیٹل پاکستان کی شروعات ہیں اور استحکام پاکستان پارٹی مستحکم مظبوط اور خوشحال پاکستان کی علمبردار پارٹی ہے۔ نفرت اور تفرقے کی سیاست کا باب بند ہو چکا ہے۔ ہمیں تعمیر ترقی و خوشحالی کے جذبے کو لے کر آگے بڑھنا ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔