چیف الیکشن کمشنر کا پی پی 167 میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس

چیف الیکشن کمشنر کا پی پی 167 میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس
اسلام آباد:( پبلک نیوز) حلقہ صوبائی اسمبلی PP-167 لاہور میں دو امیدواران کے گروپوں کے درمیان فائرنگ اور تشدد کے واقعات پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کو ہدایت دی کہ وہ آئی جی پنجاب سے رابطہ کرے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت دی کہ کسی سیاسی وابستگی کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر آئی جی پنجاب واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائیں ۔ آئی جی پنجاب کو واقعہ کی شفاف انکوائری کروا کر رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیشں کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کے دنوں میں آئی جی پنجاب اور انتظامیہ گن کلچر ، تشدد اور تخریب کار عناصر سے سختی سے نپٹے ۔ اس حوالے سے زیرو ٹالیرنس پالیسی رکھے اور کسی قسم کی نرمی نہ برتے۔ چیف الیکشن کمشنر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا بھی حکم دیا۔ خیال رہے کہ لاہور میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 167 پر ضمنی انتخابات کی مہم کے دوران ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے تھے اور پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر گجر نے لیگی امیدوار پر پی ٹی آئی کے دفتر پر حملے کا الزام لگا یا تھا۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں میرا بھتیجا زخمی ہو گیا جو کہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔