کراچی :بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے میئر کراچی کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق گلشن جناح پولو گراؤنڈ کراچی میں نومنتخب میئر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبدﷲ مراد کی تقریبِ حلف برداری ہوئی ،حلف برداری کی تقریب میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوئے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مئیر کراچی اور سلمان عباللہ مراد نے ڈپٹی مئیر کراچی کا حلف اٹھا لیا ہے حلف کے بعد ایڈمنسٹریٹر کراچی سیف الرحمن نے کراچی کی چابی مئیر کراچی مرتضی وہاب کے حوالے کردی ہے ۔مئیر کراچی کے حلف اٹھاتے ہی پولو گراؤنڈ نعروں سے گونج اٹھا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا شکر گزار ہوں، کراچی کے عوام کا شکر گزار ہوں، شہر سے تفریق کی سیاست کو ختم کرینگے، مئیر اور ڈپٹی مئیر کراچی کی تاریخی خدمت کرینگے۔ چند روز قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہوئے تھے۔ مرتضیٰ وہاب کے حق میں173 ارکان نےہاتھ اٹھاکر حمایت کی جبکہ حافظ نعیم کےحق میں160 ارکان نے ہاتھ اٹھایا۔ پیپلزپارٹی کے امیدوار کو 13 ووٹوں سے برتری حاصل ہوئی تھی۔