ویب ڈیسک: ملک میں ایک بار پھر بادل برسنے کو تیار ہیں کیونکہ بارش برسانے والا ایک اسپیل آئندہ 2 روز بعد ملک میں داخل ہورہا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ لاہور اکرام الدین کا کہنا ہے کہ ملک میں 21 مارچ کو بارش کا ایک نیا اسپیل داخل ہو رہا ہے اور بارش کا یہ اسپیل 3 دن تک رہنے کا امکان ہے,چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ اس اسپیل کے تحت کے پی کے، اسلام آباد، کشمیر اور پہاڑی علاقوں پر بارش متوقع ہے,اس کے علاوہ مارچ کے آخر تک وقفے وقفے سے بارش کے چھوٹے چھوٹے اسپیل آنے کا امکان ہے۔
یہ بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ بالائی اضلاع میں رات کے اوقات میں سرد رہے گا۔صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، اس دوران مری، گلیات اور گردو نواح میں بھی موسم خشک رہے گا۔
دوسری جانب صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ رات کے اوقات میں جنوب مغربی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک رہے گا۔