”اپوزیشن کا ٹولہ مافیا کی سرپرستی کر رہا ہے“

”اپوزیشن کا ٹولہ مافیا کی سرپرستی کر رہا ہے“

لاہور ( پبلک نیوز) طاقتور مافیا پہلے دن سے تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف سازشوں کے جال بن رہا ہے۔ بدقسمتی سے مافیا کی جڑیں ہر شعبے میں پھیلی ہوئی ہیں۔ افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن کا ٹولہ بھی مافیا کی سرپرستی کر رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مافیا کو نکیل ڈالنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صوبائی وزراء، مشیران اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پرہی احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج میں منتخب نمائندوں کی تجاویز کو اہمیت دی گئی ہے۔ ہر شہر کو ترقی کے سفر میں شامل کیا گیا ہے۔ پنجاب میں ہر فیصلہ مشاورت سے کیا جاتا ہے۔ اراکین اسمبلی کی عزت پر حرف نہیں آنے دیں گے۔ ہم سب وزیراعظم عمران خان کی ٹیم ہیں اور ٹیم ورک کے طور پر عوام کی خدمت کر تے رہیں گے۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اصولوں کی سیاست کرنے والے پاکستان کے پہلے جرأت مند لیڈر ہیں۔ پوری دیانتداری سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے عناصرخودانتشار کا شکار ہوچکے ہیں۔ ہر موقع پر ناکامی کے بعد پی ڈی ایم کو منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق ا دوارمیں کرپشن کے ریکار قائم کیے گئے اور منصوبوں میں کک بیکس اورکمیشن کھائے گئے۔ ماضی میں کرپشن کے مینار کھڑے کرکے اربوں کی لوٹ مار کی گئی۔ سابق حکمرانوں کو اپنے دور میں اربوں روپے کی کرپشن کا حساب دینا پڑے گا۔

وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، سبطین خان، یاسر ہمایوں، ڈاکٹراختر ملک، مشیران آصف محمود، فیصل حیات جبوانہ، اراکین قومی اسمبلی محمد افضل خان ڈھانڈلہ، سید مبین احمد، اراکین صوبائی اسمبلی ملک اسد علی کھوکھر، محمد طارق تارڑ، ملک مختار احمد، نذیر احمد خان، محمد اعجاز حسین، جاوید اختر لنڈ، سلیم سرور جوڑا، میاں محمد اختر حیات، چوہدری لیاقت علی، غضنفر عباس چھینہ، مامون تارڑ، منیب سلطان چیمہ، عامر عنایت شہانی اور شاہدہ احمد شامل تھیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔