لزبن ( پبلک نیوز) پرتگال کے دو بڑے شہروں میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لئے اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہروں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح اسرائیلی جارحیت کے خلاف اور فلسطین کی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے پرتگال کے دو بڑے شہروں میں پر امن احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔
لزبن اور پورتو میں ہونے والے مظاہروں میں ہر رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے مرد خواتین اور بچوں نے شرکت کی احتجاج میں پاکستانی کمیونٹی کی تنظیموں پاکستان اوورسیز کمیونٹی پرتگال کے صدر غضنفر جاوید، پاکستان پرتگال اتحاد کمیونٹی کے شیح عمر، کشمیر کمیونٹی کے عمران نوری، پاکستان پریس کلب پرتگال کے صدر ضیاء سید نے بھی وفود کے ہمراہ شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے آزاد فلسطین اور دہشت گرد اسرائیل سمیت مختلف قسم کے احتجاجی بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے فلسطینی عوام سے مکمل اظہارِ یکجہتی کیا۔