دعا زہرا کی عمر کے تعین کیلئے دائر میڈیکل کی درخواست مسترد

دعا زہرا کی عمر کے تعین کیلئے دائر میڈیکل کی درخواست مسترد
لاہور: دعا زہرا کی عمرکے تعین کے لیے دائر میڈیکل کی درخواست مسترد کر دی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ لاہورنے دعا زہرا کا اپنے والد اور کزن کے خلاف استغاثہ بھی عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کر دیا گیا، دعا زہرا کے میڈیکل کے لیے کراچی کے تفتیشی افسر نے درخواست دائر کی تھی۔ سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ دعا زہرا کی مرضی کے بغیر میڈیکل کروانے کا حکم نہیں دیا جا سکتا، کسی بھی لڑکی کے میڈیکل کا حکم اس کی اجازت کے بعد ہی دیا جا سکتا ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور نے ریمارکس دیئے کہ دعا زہرا کمرہ عدالت میں موجود نہیں ہے۔ تفتیشی افسر نے درخواست مناسب جواز کے بغیر دائر کی اس لیے خارج کی جاتی ہے۔عدالت نے کیس کو 3 بار انتظار میں رکھ کرخارج کرتے ہوئے کہا کہ باربار کیس کی آواز دینے کے باوجود کوئی پیش نہیں ہوا۔ خیال رہے کہ آج صبح سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرا کو پیش نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی اے وی سی سی زبیر نذیر شیخ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا تھا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ بچی ویڈیو بنا رہی ہے، پریس کانفرنس کررہی ہے لیکن پولیس کونہیں مل رہی، جس کے بعد عدالت نے آئی جی سندھ کو دعا زہرا کو پیش کرنے کا ٹاسک دے دیا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔