اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم عمران خان کے فرمان کو مسترد کرتے ہیں۔ حکومتی قانون سازی آئینی اور قانونی نہیں ہے۔ اس ملک میں ہم ان کی بادشاہت قائم نہیں ہونے دیں گے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے یہ بات مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں پارٹی کی سینئر قیادت اور رہنمائوں نے شرکت کی۔ اس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار الیکشن اصلاحات اتفاق رائے کے بغیر ہونے کی مذمت کرتے ہیں۔ متحدہ اپوزیشن پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومت کی فسطائیت اور آئین دشمنی کو چیلنج کریگی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومتی قانون سازی کو آئینی و قانونی نہیں مانتے، فرمان عمران نیازی مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام پر مہنگائی کی بمباری کرنیوالی حکومت نے پارلیمنٹ پرخود کش حملہ کیا۔ موجودہ حکومت عوام کے سامنے رسوا ہو چکی ہے، اب آئین پر حملہ آور ہے۔ الیکشن کمیشن کا بیان حکومتی قانون سازی اور ای وی ایم کے غلط ہونے کا ثبوت ہے، پاکستان میں عمران نیازی کی بادشاہت قائم نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹا، چینی، ادویات اور بجلی گیس عوام کی پہنچ سے باہر ہیں، عوام دشمن اور قانون شکن ظالم حکومت کا ساتھ دینے والے عوام کے مجرم ہیں۔ اپوزیشن کی جدوجہد رنگ لائے گی، آئین اور عوام کو ریلیف دلائیں گے۔