دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ٹی ٹوئنٹی پلئیرز رینکنگ جاری کردی ہے۔ آئی سی سی کی نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق پاکستان کے محمد رضوان کی ٹی ٹوئنٹی بیٹرز میں پہلی پوزیشن برقرار ہے، محمد رضوان نے اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط کر لیا ، محمد رضوان کے رینکنگ پوائنٹس 853 سے بڑھ کر 861 ہو گئے۔ نئی رینکنگ میں بھارت کے سوریا کمار یادیو کا838 پوائنٹس کےساتھ دوسرا نمبر برقرار ہے جبکہ پاکستان کے کپتان بابر اعظم 808 پوائنٹس کےساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں ۔ ادھر ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ کے ٹاپ ٹین میں کوئی پاکستانی باؤلر شامل نہیں ہے۔ ٹی ٹوئنٹی بالنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ افغانستان کے راشد خان کا دوسرا نمبر ہے۔سری لنکا کے وانندو ہسارنگا تیسرے نمبر پر آ گئے جبکہ ساوتھ افریقہ کے تبریز شمسی چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں ۔ نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستانی بالر حارث روف کا 14 اور شاداب خان کا 15 واں نمبر ہے۔ انجری کی وجہ سے شاہین آفریدی 39 ویں نمبر پر چلے گئے۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی آل راونڈر میں شکیب الحسن نمبر ون پر آ گئے جبکہ افغانستان کے محمد نبی کا دوسرا نمبر ہے۔