اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ روس سے اگر انڈیا تیل لے سکتا ہے تو ہمارا بھی حق بنتا ہے، روس سے تیل خریدنے کے بارے میں امریکا میں سب کو بتا دیا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نے اسلام آباد میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو بھی بتادیا، پاکستان روس سے تیل خریدےگا، امریکا کو کوئی اعتراض نہیں، بھارت جس قیمت پر روس سے تیل خریدتا ہے پاکستان اس قیمت سےکم پر یا اسی قیمت پر روس سے تیل خریدےگا۔انہوں نے کہا کہ چین سے بھی قرضے ری شیڈول کرنے کے بارے میں بات کریں گے، یقین ہے قرض کی ری شیڈولنگ ضرور ہوجائےگی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ڈالر ریٹ کو کنٹرول کرنا اسٹیٹ بینک کی ذمہ داری ہے، ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پچھلے چند سالوں میں جو کام کیےگئے ہیں، امید ہے اچھی خبر آئے گی، تھوڑا سا انتظار کریں امید ہے بہتر ہوگا، گرے لسٹ سے نام نکالنے سے متعلق کوئی خبر پرسوں تک آجائےگی۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مہنگائی نہ 6 مہینے میں آتی ہے اور نہ جاتی ہے، اتحادی حکومت کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے، ملک کی ترقی کے لیے چارٹر آف اکانومی پرمتفق ہونا ہوگا۔ انہوں نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ افراتفری پھیلانےکی ضروت نہیں ہے، پاکستان کسی صورت ڈیفالٹ نہیں کرے گا، ہماری معیشت صحیح سمت میں جارہی ہے، پہلے بھی معیشت ٹھیک کرکے دکھائی ہے اور اب بھی کریں گے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ن لیگ کے دور میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن تھا، ہمارے دور میں معیشت 6 فیصدکی شرح سے ترقی کر رہی تھی، پاکستان اسی طرح ترقی کرتا رہتا تو 2030 میں دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوجاتا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے جو معاہدہ کیا گیا ہے اس پر عمل کریں گے۔