ویب ڈیسک: طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ جاوید بٹ کو قتل کرنے والے شوٹر کو مقتول کی اہلیہ نے جیل جاکر شناخت کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید بٹ قتل کیس میں ملوث شوٹرز اظہر اور الیاس کو پولیس نے گرفتار کرکے شناخت پریڈ کے لئے جیل بھجوایا تھا۔ جہاں ان کو مقتول جاوید بٹ کی اہلیہ نے پہچان لیا۔
یادرہے اور قتل کے وقت جاوید بٹ کی اہلیہ بھی گاڑی میں موجود تھیں۔
ابھی تک جاوید بٹ قتل کیس کا اہم اور مطلوب ملزم عارف گرفتار نہیں ہوسکا۔ اہم پروفائل کیس کی تفتیش کے لئے ایک جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنائی گئی ہے جو کام کررہی ہے۔
یادرہے شوٹر اظہر کو خیبرپختونخواہ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ اور عادی مجرم ہے۔ جاوید بٹ قتل کے لیے شوٹر اظہر باقاعدہ ریکی کرتا رہا۔
ایک ماہ قبل جاوید بٹ کو اس وقت سرراہ قتل کردیا گیا تھا جب وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ بچوں کو اسکول سے لانے کے لیے جارہے تھے۔ ایف سی انڈر پاس کے قریب اشارے پر دو موٹرسائیکلز پر سوار 4 افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر جاوید بٹ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اہلیہ ثمینہ جاوید زخمی ہو گئیں۔