نواز شریف، شہبازشریف سے ناراض،ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

نواز شریف، شہبازشریف سے ناراض،ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
لندن : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کی لندن میں ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود قیمتیں کم نہ کرنے پر برہم ہوئے۔ ڈالر کی قیمت کم نہ ہونے پر بھی نواز ناراض نظر آئے۔ ذرائع کے مطابق مفتاح اسماعیل کی پالیسیوں پر اسحاق ڈار نے شدید تنقید کی ،اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قسط ملنے کے بعد ڈالر 200 تک آنا چاہیے تھا،تیل کی قیمت بھی 190 سے 200 تک ہونی چاہیے پھر بھی حکومت کو فائدہ ہوگا۔ نواز شریف نے استفسار کیا کہ شہباز صاحب یہ آپ ڈار صاحب کی بات سن رہے ہیں ۔ نواز شریف نے کہا کہ میں پٹرول اوربجلی کی قیمتوں میں کمی کے معاملے پر مریم بیٹی کے موقف کا حامی ہوں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا موقف تھا کہ تیل اور بجلی کی قیمتوں میں کمی سے آئی ایم ایف ناراض ہوگا۔ ٹیکسوں کی وصولی اور پٹرولیم کمپنیوں کے معاملات کو بھی دیکھنا ہوتا ہے۔ اس پر اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف نے کبھی نہیں کہا کہ عوام کو ریلیف نہ دو مہنگائی کم نہ کرو۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا کہ مہنگائی اور تیل و بجلی کی قیمتوں سے بہت دکھی ہوں یہ سب ہماری جماعت پر بہت برا اثر ڈال رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف معاشی پالیسیوں پر سخت تنقید کے دوران زیادہ تر خاموش رہے۔ ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر نوازشریف نے صرف اتنا کہا کہ فوجی قیادت کی مشاورت سے فیصلہ کرنا، نواز شریف نے اپنے ادوار میں آرمی چیفس کے تقرر کے تجربات بتائے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔