اسلام آباد: ترجمان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ عمران خان اگر تم واقعی ملک میں الیکشن چاہتے ہو تو پنجاب اسمبلی اور کے پی کے اسمبلی توڑدو۔ ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان ملک میں سیاسی بحران پیدا کرنے کی ناپاک کوشش کررہا ہے، ستمبر میں مارچ کی کال اسی ناپاک ایجنڈے کا حصہ ہے۔ حافظ حمداللہ نے کہا کہ مارچ لانگ ہو یا شارٹ یا کوئیک ،یہ ٹھس مارچ ثابت ہوگا، الیکشن اکتوبر 2023 میں وقت مقررہ پر ہونگے۔ ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تقرری کا فیصلہ وزیراعظم کی صوابدید ہے جوطےبشدہ طریقہ کار کے مطابق ہوگا، فیصلے عمران خان کی خواہش پر نہیں آئین اورقانون کے مطابق ہونگے۔ حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کے فیصلوں کے مطابق تم سر ٹیفائیڈ بددیانت آئین شکن جھوٹے اور انٹرنیشنل منی لانڈرر ثابت ہوچکے ہو، تم پارٹی سمیت امپورٹڈ بیرونی فنڈڈ اور ایڈڈ ثابت ہوچکے ہو تم صادق اور امین نہیں رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر تم واقعی ملک میں الیکشن چاہتے ہو تو پنجاب اسمبلی اور کے پی کے اسمبلی توڑدو۔