بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹس پر ن لیگ کا ردعمل آگیا

بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹس پر ن لیگ کا ردعمل آگیا
کیپشن: PML-N reacted to Bushra Bibi's medical reports

ویب ڈیسک: بشریٰ بی بی کا آج عدالتی حکم پر طبی معائنہ کیا گیا۔ جس میں ان کی جانب سے زہر دیے جانے کے تمام الزامات کی نفی کردی گئی اور ان کی رپورٹس کو کلیئر قرار دیا گیا ہے۔ جس کے بعد ن لیگ کی جانب سے ردعمل آگیا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا بیان:

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کی تمام میڈیکل رپورٹس کلیئر قرار دے دی گئی ہیں، 3 ہفتوں سے زہر کا واویلا مچایا ہوا تھا۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ رپورٹس آنے کے بعد معمولی نوعیت کے گیسٹرو کی تشخیص ہوئی ہے۔

  عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ بشریٰ بی بی نے بلڈ ٹیسٹ کروانے کےلیے خون کے نمونے دینا ہی مناسب نہیں سمجھا، یہ تھا وہ زہر جس کےلیے تین روز سے خیبر پختونخوا حکومت سولی پر لٹکی ہوئی تھی؟

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی بدقسمتی ہے یہ جو بھی پروپیگنڈا کرتے ہیں وہ خود ہی ایکسپوز ہوجاتا ہے۔ جھوٹی ہمدردیاں حاصل کرنے کےلیے پروپیگنڈے، مظلومیت کارڈ زیادہ دیر کارآمد ثابت نہیں ہوتے۔

طلال چودھری کا ردعمل:

 مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر طلال چودھری نے کہا کہ ایک اعلیٰ پرائیویٹ ہسپتال سے سرکاری خرچ پر ہونے والے طبی معائنے کی رپورٹ نے ’’ہارپک کہانی‘‘ کو جھوٹ ثابت کر دیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر طلال چودھری نے بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی رپورٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بانی چیئرمین اور ان کی اہلیہ ایک بار پھر جھوٹے ثابت ہوگئے۔

طلال چودھری نے کہا کہ معدے میں کیمرہ ڈال کر معائنہ کیا گیا، ’’ہارپک کے چار قطرے‘‘ تو کیا ایک قطرہ بھی نہیں ملا، ثابت ہوا کہ ’’نہیں چھوڑوں گا‘‘ کے دعوے کرنے والا صرف ’’لمبی لمبی چھوڑتا‘‘ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی جماعت ہو، بانی یا عارضی چیئرمین ہو یا کارکن، جھوٹ ان کا ٹریڈ مارک بن چکا ہے اور ان جھوٹ بولنے والوں کو شرم آنی چاہئے۔