لاہور(پبلک نیوز) ضلع کچہری میں شاہی قلعہ میں نصب مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑنے کے مقدمہ کی سماعت کے دوران عدالت نے ملزم محمد رضوان کی 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی. تفصیلات کے مطابق ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے ملزم کی جوڈیشل ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم پر لگائی گئی دفعات قابل ضمانت ہیں جبکہ پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ ملزم محمد رضوان نے شاہی قلعہ میں نصب مہاراجہ رنجیت سنگھ کے مجسمے کو توڑا، ملزم سے تفتیش مکمل کر لی گئی ہے،ملزم کا چالان جلد عدالت میں پیش کر دیا جائے گا،عدالت ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجے تاہم عدالت نے ملزم کی ضمانت کی درخواست منظور کر کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دے دیا. یاد رہے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شاہی قلعے کے باہر نصب مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ گرا دیا گیا تھا ، مجسمے کو علی الصبح کچھ افراد نے گرایا تھا ، جن میں سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔بعد ازاں شاہی قلعہ کی انتظامیہ کی مدعیت میں مہاراجہ رنجیت سنگھ کا مجسمہ توڑنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا تھا ، جس میں کہا گیا ملزم نے ہتھوڑے سے مجسمے پر حملہ کیا اورنعرے بازی کرتا رہا۔