ویب ڈیسک: فیصل آباد میں ضلع کچہری کے گیٹ پر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا ہے۔ جس میں وکیل اور خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب آرپی او نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کچہری گیٹ چار پر پیش آیا۔ فائرنگ کا واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔ واقعہ میں وکیل اور خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم کی عمر 17 سال بتائی جارہی ہے۔ جس نے دیرینہ دشمنی پر وکیل اورنگزیب وسیر پر 6 فائر کیے اور 2 فائر وکیل کی ٹانگ میں لگے۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک وکیل،ایک خاتون اور ایک راہ گیر بھی زخمی ہوئے۔ راہگیر مرد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
آرپی او کا نوٹس:
آر پی او فیصل اباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے کچہری میں فائرنگ سے تین افراد کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور سی پی او فیصل اباد کامران عادل سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔
آرپی او نے حکم دیا کہ سینئر افسران جائے وقوعہ کا وزٹ کریں اور شواہدات کو بذریعہ پی ایف ایس اے اکٹھا کروائیں۔ زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ متاثرین کی دادرسی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
وکلاء کا ہڑتال کا اعلان، عدالتی بائیکاٹ:
احاطہ کچہری میں فائرنگ سے وکیل اور سائلین زخمی ہونے کےمعاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی ہے۔ جہاں وکلاء نے احتجاجی طور پر ہڑتال کرتے ہوئے عدالتوں کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ وکلاء نے احاطہ کچہری اور عدالتوں کی سیکیورٹی ناقص قرار دے دی۔ سیکرٹری بار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ احاطہ کچہری اور عدالتوں کی سیکیورٹی فول پروف بنائی جائے۔