راولپنڈی(پبلک نیوز) دفاع وطن کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے نشان حیدر راشد منہاس شہید کا آج 50واں یوم شہادت ہے.
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز ( ڈی جی آئی ایس پی آر) نے قومی ہیرو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ راشد منہاس شہید نے عظیم قربانی دی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پائلٹ راشد منہاس شہید نے ملکی دفاع کے لیے پاک فضائیہ کی عظیم روایات کو زندہ رکھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا راشد منہاس شہید کے یوم شہادت پر کہنا ہے کہ نوجوان پائلٹ آفیسر نے وطن عزیز پر جان نچھاور کر کے عزم و ہمت اور وفا شعاری کی تاریخ رقم کی۔ نوجوان پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کےیوم شہادت پر قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ راشد منہاس نے کم عمری میں ہی اپنی جان دیکر بہادری اور وطن سے محبت کی لازوال داستان بنا ڈالی۔