اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے شہباز گل پر تشدد کے معاملے کی تحقیقات کے لیے سیاسی رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی بنانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی انکوائری پر کسی کو اعتبار نہیں ہوسکتا، شہبازگل پرتشدد کے معاملے پر آزاد لوگوں کو انکوائری سونپیں، ہمیں کیسز سے کوئی مسئلہ نہیں مگر تشدد کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ مصطفیٰ نوازکھوکھر، سعد رفیق اور شیریں مزاری پر مشتمل تین رکنی پینل شہبازگل پرتشدد کی انکوائری کرے، یہ تین لوگ فیصلہ کرلیں تشدد ہوا یا نہیں ہوا تو یہ بہت بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز گل کے معاملے پر ایڈیشنل جج پر کیا کیا پریشر نہیں آیا مگر وہ کھڑے رہے، اعلیٰ عدلیہ کو ماتحت عدلیہ سے سیکھنا چاہیے کہ کس طرح اسٹینڈ لیتے ہیں، اگر یہ اسٹینڈ نہیں لیں گے تو کون لے گا۔ خیال رہے کہ چند روز قبل سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے شہباز گل پر تشدد سے متعلق بیان میں کہا تھا کہ کسی شخص کی عزتِ نفس کو اس طرح پامال نہیں کیا جانا چاہیے، شہبازحکومت ملوث ہے یا ایسی بربریت کوروکنے میں بے بس! یہ ہمارے لیے شرم کی بات ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر سعد رفیق نے بھی سینیٹ میں اپنی تقریر کے دوران کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا ایک بندہ جیل میں ہے، انہوں نے ایک لفظ نہیں بولا، جب کوئی جیل جائے تو بغلیں نہیں بجاتے، خوش بھی نہیں ہونا چاہیے، باری سب کی آنی ہے۔