اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے پاؤں سے زمین سرک رہی ہے ۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے 4 سال میں تباہی کی جسے ہم ٹھیک کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کا آخری کارڈ عمران خان نے کھیلا ہے ، اب ان کے پاؤں سے آہستہ آہستہ زمین کھسک رہی ہے، عمران خان الیکشن کمیشن کو گالیاں دیتے ہیں، افسوسناک بات یہ ہے کہ ایسے لوگ اعلیٰ ترین عہدوں پر پہنچ گئے جن کی کو ئی اقدار ہی نہیں تھی ۔ ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو سہارا دیا ہے وہ اس محسن کو بھی گالیاں دیتے ہیں ، اگر آپ حکومت چلا ہی نہیں سکے تو اس میں جنرل باجوہ کا کیا قصور ہے ؟ انہوں نے آپ کو ہر قدم پر سہارا دیا ہے ، آپ کو جب بھی ضرورت ہوتی تھی تو وہ اسمبلی میں آتے تھے، جس نے آپ پر احسان کیا ہو آپ اس کو گالیاں نکالیں، اس سے گھٹیا بات ہونہیں سکتی ہے ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ عدالتیں اگر مرضی کے مطابق کام کریں تو ان کو پسند ہے، اسٹیبلشمنٹ غیر مشروط ساتھ دے تو دن رات وہ تعریف کرتے ہیں اور اگر ادارے آئین اور قانون کے مطابق کام کریں تو گالیاں دیتا ہے، جن پر تکیہ کیا ہوا تھا ان کی اپنی بھی سیاست ہے، تحفظات ہیں، انہوں نے کبھی ڈوبتے ہوئے لوگوں کا ساتھ نہیں دیا، یہ ان کی تاریخ ہے۔