پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ انعم فیاض نے اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا ہے ۔ متعدد مشہور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی مشہور اداکارہ انعم نے ویڈیو اینڈ فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے
شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے بارے میں آگاہ کیا ہے ۔ انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا ہے کہ 'یہ پیغام لکھنا بہت مشکل ہے، آپ سب لوگوں نے میرے میڈیا کیریئر میں مجھے سپورٹ کیا لیکن اب میں نے
شوبز انڈسٹری کو چھوڑ کر اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا ہے'۔
انعم نے مداحوں سے یہ بھی درخواست کی کہ وہ اپنی دعاؤں میں انہیں یاد رکھیں ۔ خیال رہے کہ انعم فیاض کافی عرصے سے اداکاری کرتی نظر نہیں آئیں جب کہ انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئیں تصاویر میں انہیں حجاب میں ہی دیکھا گیا تھا ۔
اداکارہ نے 2016 میں اسد انور سے شادی کی تھی، جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے ۔