ویب ڈیسک: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا میلہ لاہور میں سجنے کو دو دن باقی ہیں۔ جس کیلئے سیکورٹی تیاریاں عروج پر ہیں۔لاہورپولیس نے سیکورٹی اداروں کے ساتھ قذافی اسٹیڈیم میں فرضی مشقیں کیں۔
تفصیلات کے مطابق آپریشن محفوظ انخلاء کے نام سے ہنگامی صورتحال سے نبٹنے کی مشقیں کی گئیں۔ایس پی سیکورٹی عبدالوہاب کی نگرانی میں ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق تارڑ نے آپریشن محفوظ انخلاء مشقوں کو لیڈ کیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق فرضی مشق میں پولیس، آرمی، رینجر، ایلیٹ فورس کے دستوں نے شرکت کی۔بم ڈسپوزل سکواڈ، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ریسکیو 1122 نے بھی مشقوں میں حصہ لیا۔فرضی مشق میں حملے کی صورت میں فوری رسپانس کا عملی نمونہ پیش کیا گیا۔موک ایکسرسائز کی مدد سے سیکورٹی پلان کو عملی حالت میں چیک کیا گیا۔مشق کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورت حال میں سیکورٹی فورسز کا باہمی رابطہ مضبوط کرنا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا مزید کہنا تھا کہ کوئیک رسپانس فورسز کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جدید سامان فراہم کیا گیاہے۔دس ہزار افسران و جوان چیمپین ٹرافی سیکورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔چار درجاتی سیکورٹی حصار کے باوجود ہنگامی صورتحال کے لیے بھی مکمل تیار ہیں۔آئی سی سی سیکورٹی ٹیموں نے سیکورٹی پلان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔