پی ڈی ایم سرکار فیل ہو چکی، ملک ڈوب رہا ہے، عمران خان

پی ڈی ایم سرکار فیل ہو چکی، ملک ڈوب رہا ہے، عمران خان
لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) سرکار فیل ہو چکی، دو خاندانوں کی وجہ سے ملک ڈوب رہا ہے، کوئی بھی انہیں پیسے دینے کو تیار نہیں، اب تو سعودی عرب نےبھی انکار کر دیا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ جو اقتدار میں بیٹھے ہیں سب فیل ہو چکے ، ان کے پاس کوئی حل نہیں رہ گیا معیشت کو کیسے ٹھیک کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سارے جنیوا بھاگے گئے، کوئی پیسے دینے کو تیار نہیں ہے، میں نے ساڑھے تین سال میں اتنے دورے نہیں کیے جتنے شہبازشریف نے 8، 9 مہینےمیں کر لیے، بلاول تو پاکستان میں ملتا ہی نہیں ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سوائے اوورسیز پاکستانیوں کے کوئی اس ملک کو اس دلدل سے نہیں نکالے گا، پاکستان کا بڑا ڈاکو بڑے بڑے عہدوں پر بیٹھ گیا، لیگلی اپنے کیسز معاف کرا رہا ہے، پہلے مشرف نے معاف کیا اب جنرل باجوہ نے انی آر او ٹو لینے کا پورا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایف آئی آر نہیں کاٹ سکا، مجھے پتہ ہے انہوں نے کیا ہے، پلان بنا ہوا تھا، اسٹیٹ ٹی وی پر اشتہار چلا عمران خان نے توہین مذہب کی ہے، اپنی پولیس ہماری بات نہیں سن رہی کیونکہ یہاں ہم سے طاقتور لوگ بیٹھے ہیں،جو ملک کے بند کمروں میں فیصلے کرتے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جو بیان دیتا ہے ایک ہی شوٹر ہے اس کی اپنی ایوی ڈینس ہے اس نے دوسرے شوٹر کی گولیاں ریکور کیں، کون ہے جو انصاف کو روک رہا ہے، اگر مجھے تھوڑا سا بھی شک تھا، وہ بھی دور ہو گیا جس طرح یہ پوری کوشش کر رہے ہیں کہ کسی طرح انصاف نہ ملے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ نے ہمیں چیلنج کر دیا ہے، اگر بچنا ہے تو ملک میں انصاف کا نظام لے کر آؤ،سیلاب بیچتے رہے ہیں پیسے لینے کے لیے، ہم دہشت گردی کی جنگ لڑ رہے ہیں پیسے دو، بھکاریوں کی طرح پیسے مانگتے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شہباز انہیں کہہ رہا ہے دوستی کرنا چاہتے ہیں جیسے ساری غلطی ہماری ہے، ہندوستان آگے سے کہہ رہا ہے پہلے دہشت گردی ختم کرو پھر بات کریں گے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔