نواب آف ریاست جونا گڑھ، نواب محمد جہانگیر خانجی انتقال کرگئے

نواب آف ریاست جونا گڑھ، نواب محمد جہانگیر خانجی انتقال کرگئے
کراچی : نواب آف ریاست جونا گڑھ، نواب محمد جہانگیر خانجی انتقال کرگئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق نواب آف جونا گڑھ کو گزشتہ روز کینسر کی تشخیص ہوئی، نواب محمد جہانگیر خانجی کی نماز جنازہ کل بعد از نماز جمعہ جونا گڑھ ہاوس کراچی میں ادا کی جائے گی۔ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا ہے کہ نواب محمد خانجی کی وفات ملک اور انکے خاندان کے لیے بڑا نقصان ہے، نواب محمد خانجی زندگی بھر جوناگڑھ ریاست کی آزادی کے لیے جدوجہد کرتے رہے، نواب محمد خانجی اپنا ریاستی حق حاصل کرنے کےلئے کوشاں رہے ۔ نواب آف ریاست جونا گڑھ، نواب محمد جہانگیر خانجی کے لواحقین میں انکی والدہ مسرت جہاں بیگم آف جوناگڑھ،بیٹا نوابزادہ علی مرتضیٰ خان جی،بیٹی شہزادی مریم خان جی،بھائی نواب عالم گیرخان جی،ظہیرخان جی اوربہن نوابزادی عالیہ خان جی شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نواب آف جوناگڑھ جہانگیر خانجی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے جہانگیر خانجی کے لواحقین اور خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے جہانگیر خانجی کیلئے مغرفت اور بلند درجات کیلئے دعا بھی کی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔