ویب ڈیسک: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے صدر آصف زرداری سے اہم ملاقات کی ہے۔ ذرائع ن لیگ کے مطابق ملاقات ایوان صدر میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے وفود کے مذاکرات کے بعد ہوئی۔
ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ ملاقات میں اسحاق ڈار نے صدر آصف زرداری کو صدر مسلم لیگ ن نوازشریف کا پیغام بھی پہنچایا۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر آصف زرداری نے حکومت کو بعض مفید مشورے دیے اور کسی بھی فیصلے میں جلد بازی نہ کرنے پر زور دیا۔ تحریک انصاف پر پابندی اور آرٹیکل 6 کے نفاذ کے حوالے سے صدر نے وسیع تر مشاورت پر بھی زور دیا۔
صدر مملکت کا مؤقف تھا کہ اہم سیاسی فیصلوں پر عمل درآمد سے قبل ان کے اثرات بھی دیکھے جائیں۔
نائب وزیراعظم نے صدر سے ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سے نوازشریف اور شہباز شریف کو آگاہ کردیا۔