’’قربانی سے پہلے قربانی کریں گے‘‘

’’قربانی سے پہلے قربانی کریں گے‘‘

مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عید کے بعد لانگ مارچ کرکے حکومت کو چلتا کریں گے، قربانی والی عید سے پہلے حکومت کی قربانی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق رانا ثناءاللہ کے خلاف منشیات سمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران رانا ثناءاللہ خصوصی عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران رانا ثناءاللہ کے وکیل سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ رانا ثناءاللہ پر فرد جرم کی کاروائی ایک بار پھر موخر ہوگئی ہے۔

رانا ثنااللہ کے شریک ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شریک ملزم کو کورونا کی علامات تھیں اس لیے وہ پیش نہیں ہوا جس پر جج شاکر حسن نے استفسار کیا کہ ملزم کی رپورٹ کہاں ہے؟ جج کے سوال پر وکیل نے کہا رپورٹ ابھی آنی ہے، ملزم ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل ہے۔ جج شاکر حسن نے ریمارکس دیئے کہ ایک ہفتے کی تاریخ دے رہے ہیں ہفتے بعد ملزم کی کورونا کی رپورٹ پیش کریں۔

وکیل رانا ثناء اللہ اعظم نزیر تارڑ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایک ہفتہ کم ہے تاریخ تھوڑی لمبی دیں جس پر معزز جج شاکر حسن نے کہا کہ جب رانا ثناءاللہ پر کیمرہ جاتا ہے تو وہ کہتے ہیں ڈیڑھ سال ہو گیا کیس کا کچھ نہیں بنا، جواباً اعظم نذیر تارڑ نے کہا اب ایسا کوئی نہیں کہے گا، میں آ گیا ہوں۔ بعدازاں عدالت نے 3 اپریل تک کاروائی ملتوی کر دی۔

لیگی رہنماء رانا ثناءاللہ نے سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لانگ مارچ کا فیصلہ ملتوی نہیں کرنا چاہیے تھا، استعفوں کے اعتراض پر بیٹھ کر بات کی جانی چاہیے، پیپلز پارٹی پہلے بھی استعوں کے حق میں نہیں تھی، خیال یہ تھا کہ وہ سندھ حکومت کی وجہ سے استعفیٰ نہیں دے رہے، قومی اسمبلی سے استعفیٰ پہلے دینے کی وجہ پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہی رکھی گئی، امید ہے پیپلزپارٹی کے میٹنگ میں بہتر فیصہ ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی پیشی پر پہلے پولیس کی طرف سے لاٹھی چارج کیا گیا، نیب ہنگامہ آرائی کا مقدمہ بے بنیاد تھا اس میں حکومت ملوث تھی۔ عید کے بعد لانگ مارچ کر کے حکومت کو چلتا کریں گے، قربانی والی عید سے پہلے حکومت کی قربانی کریں گے۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔