پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اور کرائے کے ترجمان جھوٹ کا ڈھول پیٹنا بند کریں۔ مسلم لیگ ن کی رہنماء مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پہلا وزیراعظم ہے جو آرڈیننس کے ذریعے عوام اور ملک پر ڈاکے ڈال رہا ہے، سینٹ میں ووٹ چوری کے لئے آرڈیننس کے بعد عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کے لئے آرڈیننس لایا جا رہا ہے، عوام کی جیب کاٹنے اور ہر ہفتے بجلی کی قیمت بڑھانے کو قانونی شکل دینا بےحسی کی انتہاء ہے۔
انہوں نے کہا آرڈیننس کے چور دروازے سے بجلی کی قیمت میں کم از کم 6 روپے فی یونٹ اضافہ قوم کو زندہ درگور کرنا ہے، عمران صاحب نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی نجکاری کر دی ہے، ملک میں مہنگائی کا سیلاب عظیم آنے والا ہے، قوم تیاری کر لے، جھوٹ کا ڈھول پیٹنے کے بجائے 100 روپے کلو فروخت ہونے والے آٹے کی قیمت پر غور کریں، جھوٹ کا ڈھول پیٹنے کے بجائے 120 روپے کلو فروخت ہونے والی چینی کی قیمت پر غور کریں، جھوٹ کا ڈھول پیٹنے کے بجائے دو ماہ میں گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں 16 سے 20 فیصد مزید اضافے پر غور کریں، جھوٹ کا ڈھول پیٹنے کے بجائے انڈے اور مرغی کی قیمتیں جو آسمان پر پہنچ چکی ہیں، اس پر غور کریں۔
مریم اورنگزیب نے کہا جھوٹ کا ڈھول پیٹنے کے بجائے پٹرول، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں 300 سے 500 فیصد اضافے پر غور کریں، آٹا، چینی، دال، گھی، پٹرول، گیس، دوائی کے بعد 884 ارب کا بجلی کا نیا بم غریبوں پر گرنے والا ہے۔