منحرف ارکان کی رکنیت ختم ہونے سے پنجاب حکومت پر فرق نہیں پڑیگا: وزیراطلاعات

منحرف ارکان کی رکنیت ختم ہونے سے پنجاب حکومت پر فرق نہیں پڑیگا: وزیراطلاعات
وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے منحرف ارکان کی رکنیت ختم ہونے سے پنجاب کے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی حکومت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ وہ آج(جمعہ) اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ نون اپنے اتحادیوں کی کی حمایت کے ساتھ صوبائی اسمبلی میں ابھی بھی ایک سو 77 ارکان کی اکثریت رکھتی ہے جبکہ مخالفین کو صرف 172 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ منحرف ارکان الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا حق رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ منحرف ارکان نے تحریک انصاف کی اشتعال انگیزی، بدانتظامی اور نفرت کی سیاست کے خلاف ضمیر کے مطابق ووٹ دیا۔ مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ تحریک انصاف کے غیرملکی فنڈنگ کے زیرالتواء کیس کا فیصلہ کرے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم خان کنڈی نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی معیشت تباہ کرنے اور ملک میں بدتمیزی کے کلچر کو فروغ دینے کے سوا کچھ نہیں کیا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔