پاکستان کرکٹ کیلئے ایک محفوظ ملک ہے

پاکستان کرکٹ کیلئے ایک محفوظ ملک ہے
چاگوا راماز ( ویب ڈیسک ) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان میں ہردلعزیز ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے سیریز منسوخ کرنے کے فیصلے پر مایوسی ہوئی ہے،جب فیلڈ ماہرین کہہ رہے ہیں کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے تو ان پر اعتماد کرنا چاہیے تھا، میں گزشتہ چھ سال سے پاکستان آرہا ہوں، میرا تجربہ ہمیشہ شاندار رہا ہے۔ ایک انٹرویو میں ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرکٹر ڈیرن سیمی نے کہا کہ میں نے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ میں بھی حملے ہوتے دیکھے ہیں لیکن اس طرح سے کبھی کسی ملک نے سیریز منسوخ نہیں کی اور وہ بھی عین میچ سے بالکل پہلے، آسٹریلیا میں بھی میں نے اپنے کرکٹ کیرئیر کے درمیان ایسے واقعات ہوتے دیکھے ہیں، دنیا میں ہر جگہ ایسے واقعات ہوتے ہیں لیکن وہاں کوئی شور نہیں مچتا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب حالات بدل چکے ہیں، پہلے لوگ پوچھتے تھے کہ پاکستان جانا محفوظ ہے؟ اب لوگ یہ پوچھتے نظر آتے ہیں کہ پاکستان میں کہاں جاکر کھانا کھانا چاہئے، یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی طرف سے سکیورٹی وجوہات کا بہانہ بنا کر سیریز منسوخ کرنے کے بعد عالمی کرکٹرز نے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔