دبئی ( ویب ڈیسک ) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی آخر کار بول پڑے، کین ویلمسن کا کہنا ہے کہ دورہ پاکستان اچانک منسوخ کیا جانا انتہائی شرمناک اقدام ہے، کھلاڑی گراؤنڈ میں جانے کیلئے تیار تھے، انتظار میں تھے کہ سب اچانک ہو گیا،میں صورتحال جاننے کی کوشش کروں گا، ابھی زیادہ تفصیلات کا علم نہیں یہ سب کچھ افسوسناک ہے۔ سپورٹس میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ویلمسن نے کہا کہ امید ہے جلد پاکستان میں کرکٹ ہو گی، دورہ پاکستان ختم کرنے کے اثرات دیرپا نہیں ہوں گے اور امید ہے کہ جلد ہی یہ سب معاملات ٹھیک ہو جائیں گے، میں دبئی میں آئی پی ایل کے لئے موجود ہوں اس لئے تفصیلات کا علم نہیں ہے لیکن آنیوالے چند دنوں میں اس حوالے سے مزید تفصیلات معلوم کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی طرف سے یہ اقدام پاکستان میں کرکٹ کے مستقبل پر ا ثر انداز نہیں ہو گا، آپ پوری دنیا میں کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، یہ ایک عالمی کھیل ہے اور پاکستان میں اس کیلئے ایک خاص جنون پایا جاتا ہے، میں پاکستان میں سیریز کیلئے بہت پرجوش تھا، کھلاڑیوں کی حفاظت بہت اہم ہے اور جب آپ حکومت کی طرف سے کوئی پیغام وصول کرتے ہیں تو یہ کھلاڑی سے اوپر کا فیصلہ ہوتا ہے۔