ویب ڈیسک: لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ پیجر دھماکوں کے ذریعے اسرائیل نے ایک منٹ میں ہزاروں افراد کو قتل کرنے کی کوشش کرکے تمام سرخ لکیریں پار کرلی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حسن نصر اللہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے اعلان جنگ کر دیا ہے، اب حزب اللہ انتقام لے گی اور غزہ کی حمایت بھی جاری رہے گی۔
لبنان میں مواصلاتی حملوں کے بعد اپنے پہلے خطاب میں حسن نصر اللہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے انسانیت اور سکیورٹی کی بہت بڑی ناکامی تھے تاہم اس سے اسرائیل حزب اللہ کو گھٹنوں کے بل نہیں لا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیجر دھماکے بازاروں، گھروں اور اسپتالوں کے اندر ہوئے جن میں اسرائیل نے جان بوجھ کر سویلینز کو نشانہ بنایا، اسرائیل نے پیجر اور واکی ٹاکی دھماکوں کے ذریعے زیادہ سے زیاہ لوگوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گی، چاہے اس کے نتائج کچھ بھی نکلیں اور اس کیلئے کیا ہی قیمت چکانی پڑے۔
حسن نصراللہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل 8 اکتوبر کے بعد اپنے شمالی علاقے سے فرار ہو چکا ہے اب اسے دوبارہ وہاں لوٹنے کی اجازت ہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ اسرائیل کی جانب سے 7 اکتوبر کو غزہ پر حملوں کے اگلے روز سے ہی اسرائیل کے خلاف حالت جنگ میں ہے۔