اسلام آباد: بل منظوری کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ حکومت کا پارلیمنٹ کی بالادستی پر سمجھوتے سے انکار ، عدالتی فیصلے کے باوجود سپریم کورٹ پریکٹس اور پروسیجر بل باقاعدہ قانون بن گیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پرنٹنگ کارپوریشن کو گزٹ نوٹیفیکیشن کا حکم دے دیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس بل کو دوسری بار دستخط کے بغیر واپس بھجوا دیا تھا ، سپریم کورٹ نے اس پر عمل درآمد روک دیا تھا۔ بل منظوری کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اور پروسیجر بل اب قانون کی شکل میں نافذ ہوچکا ہے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے عدالتی اصلاحاتی بل پر تاحکم ثانی عمل درآمد روک دیا تھا۔ عدالت عظمی نے ایکٹ کو بادی النظر میں عدلیہ کی آزادی اور اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا تھا۔ حکم نامہ میں کہا گیا تھا کہ صدر مملکت ایکٹ پر دستخط کریں یا نہ کریں، دونوں صورتوں میں یہ تا حکم ثانی نافذ العمل نہیں ہو گا۔