ملک بھر میں 21 نشستوں پرضمنی الیکشن ، پولنگ کا وقت ختم، نتائج آنا شروع

ملک بھر میں 21 نشستوں پرضمنی الیکشن ، پولنگ کا وقت ختم، نتائج آنا شروع
کیپشن: ضمنی الیکشن:قومی اور صوبائی اسمبلی کے 21 حلقوں پر پولنگ، انٹرنیٹ سروس معطل

ویب ڈیسک: ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا اور  نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں ۔

 تفصیلات کے مطابق   قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو ئی جو   بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔شام بجے کے بعد صرف پولنگ اسٹیشن پر موجود ووٹرز ہی اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گے جبکہ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج شام 6 بجے کے بعد جاری کیے جائیں گے۔

پنجاب میں کچھ مقامات پر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے درمیان تصادم کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔  الیکشن کمیشن کو 10 شکایات موصول ہوئیں، جو الیکشن کمیشن کے مطابق معمولی نوعیت کی شکایات تھیں، فوراً ہی ازالہ بھی کر دیا گیا۔

قومی اسمبلی نشستوں کیلئے پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کے ایک حلقے میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہو رہا ہے اس میں پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 نشستیں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ پی بی 50 (قلعہ عبداللہ) کے تمام حلقوں میں بھی اسی روز دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے، این اے 8 باجوڑ اور پی کے 22 باجوڑ کے عام انتخابات کیلئے امیدوار ریحان زیب خان کے قتل کے باعث ملتوی کر دیئے گئے۔

انٹرنیٹ سروس معطل

لاہور سمیت ضمنی الیکشن والے حلقوں میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان اور پنجاب کے 13 شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

لاہور، شیخوپورہ، قصور، ڈی جی خان، تلہ گنگ، گجرات میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند رہے گی، علی پور، ظفر وال، بھکر، چکوال، صادق آباد، علی پور چٹھہ ، کوٹ چھٹہ میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پنجاب اور بلوچستان کے چند اضلاع میں 21 اور 22 اپریل کو موبائل فون سروس معطل کی جائیگی، موبائل فون سروس کی بندش انتخابی عمل کو بلاتعطل اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کی گئی ہے۔

پنجاب کے 2599 پولنگ اسٹیشنزمیں سے 419 انتہائی حساس،1081 حساس قرار

ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، پنجاب کے 2599 پولنگ اسٹیشنز میں سے 419 انتہائی حساس،1081 حساس قرار دیدیا گیا۔لیڈیزپولیس اہلکاروں سمیت 35 ہزار سےزائد افسران وجوان ضمنی الیکشن سکیورٹی پر تعینات ہیں۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہےکہ پنجاب پولیس ضمنی الیکشن کے پرامن، شفاف اور محفوظ انعقادکیلئے تیار ہے، لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھادی گئی ہے، ووٹرز، پولنگ عملے، شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔

ڈاکٹرعثمان انور نےمزیدکہا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پراضافی نفری،ڈولفن فورس، کوئیک رسپانس سمیت دیگرٹیمیں تعینات ہیں، الیکشن کمیشن کےضابطہ اخلاق پر من وعن عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

144نافذ ہے،اسلحہ کی نمائش،ہوائی فائرنگ،لڑائی جھگڑے،انتخابی عمل کو سبوتاژ پرکارروائی ہوگی۔

فوج تعیناتی کی منظوری
الیکشن کمیشن کی درخواست پر وفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسز اور فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق پولیس سیکیورٹی پہلے، سول آرمڈ فورسز دوسرے جبکہ پاک فوج کے اہلکار تیسرے حصار میں فرائض انجام دیں گے۔

مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹرقائم

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات 2024 کیلئے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا گیا، سنٹر میں عوام کو الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت میسر ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شکایت کے بروقت ازالے کیلئے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی، اِس مقصد کیلئے سنٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کر دیا گیا ہے، ووٹرز کی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کیلئے 4 سطحوں پر کنٹرول سنٹر قائم کئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کا بتانا ہے کہ الیکشن کمیشن کی مخصوص ہیلپ لائن 051111327000 پر بھی شکایت کا اندراج کیا جا سکتا ہے، ‏مانیٹرنگ سنٹر پولنگ کے دن اور نتائج کے موصول ہونے تک 24 گھنٹے کام کرے گا۔

Watch Live Public News