خیبر پختونخوا بلدیاتی الیکشن : JUI F نے تحریک انصاف کو ایک اور جھٹکا دیدیا

خیبر پختونخوا بلدیاتی الیکشن : JUI F نے تحریک انصاف کو ایک اور جھٹکا دیدیا
پبلک نیوز: خیبر پختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں فیصلہ کن برتری کے بعد JUI F نے تحریک انصاف کو ایک اور جھٹکا دیدیا. نو منتخب تحصیل چیئرمین ہنگو عامر غنی نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس حوالے سے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری آصف اقبال داؤد زئی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران تصدیق کی ہے۔ آصف اقبال داؤد زئی نے یہ بھی بتایا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف میں شمولیت اختیار کرنے والے عامر غنی آزاد امیدوار کی حیثیت سے تحصیل چیئرمین ہنگو منتخب ہوئے تھے۔تحصیل چیئرمین ہنگو کے لیے عامر غنی 14 ہزار 500 ووٹ لے کر آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیاب ہوئے ہیں۔ ان کے مقابل جے یو آئی ف کے امیدوار محمد قاسم نے 12 ہزار 294، پی ٹی آئی کے امیدوار نور آواز نے 6 ہزار 453 اور اے این پی کے امیدوار ریاض علی نے صرف 41 ووٹ حاصل کیے۔ واضح رہے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علماء اسلام کو برتری حاصل ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست کا سامنا ہے۔ ابتدائی نتائج میں جے یوآئی پچھلے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کو ملنے والی برتری ختم کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ غیر حتمی اورغیر سرکاری نتائج کے مطابق 64 میں سے 58 سیٹوں کے الیکشن کے نتائج سامنے آ گئے ہیں، جمعیت علمائے اسلام (ف) نے دو میئر سمیت 21 تحصیل چیئر مینوں کی سیٹیں حاصل کیں، کوہاٹ اور پشاورسے میئر کا الیکشن مولانا کی جماعت نے جیت لیا ہے۔ الیکشن میں دوسرے نمبر پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ہے، صوبائی حکومت ہونے کے باوجود ابھی تک کوئی میئر کا الیکشن نہ جیت پائی، تاہم 14 تحصیل چیئر مینوں کے الیکشن میں فاتح قرار پائی۔ عوامی نیشنل پارٹی نے اب تک 7 سیٹیں حاصل کی ہیں۔ ایک میئر اور 6 تحصیل چیئر مینوں کے الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ 9 آزاد امیدوار تحصیل چیئر مین کے الیکشن جیتنے میں سرخرو ہوئے۔ مسلم لیگ ن کے حصے میں 3، جماعت اسلامی 2، پاکستان پیپلز پارٹی1 اور تحریک اصلاحات پاکستان نے بھی ایک نشست جیتی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔