جماعت اہل حرم پاکستان کے زیر اہتمام خاتون جنت کانفرنس

جماعت اہل حرم پاکستان کے زیر اہتمام خاتون جنت کانفرنس

مفتی گلزار نعیمی سربراہ جماعت اہل حرم پاکستان کا خطبہ استقبالیہ میں کہنا تھا کہ احادیث اور تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ کے مقام تک نہ کوئی پہنچا نہ کوئی وہاں پہنچ پائے گا۔ اللہ کی رضا، محمد مصطفیٰ کی رضا اور علی المرتضیٰ کی رضا اگر کسی کو چاہیے تو در فاطمہ پر آنا پڑے گا۔ خواتین میں سب سے بلند پایا شخصیت صرف اور صرف حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا ہیں۔

مفتی گلزار نعیمی کا کہنا تھا کہ حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا دنیا کے مظلوموں کی امید ہیں۔ آج کشمیر، فلسطین اور دنیا کے دیگر خطوں کے مظلوم بھی اسی امید پر اسلامی دنیا کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ ہم پاکستان کی طرح عالم اسلام سے مطالبہ کرتے ہیں تحفظ ناموس رسالت کے حوالے سے ہم آواز ہوں۔ دنیا پر باور کرایا جائے کہ دنیا کی سب سے مقدس ترین ہستی حضور اکرم ہیں اور اس حوالے سے قانون سازی کی جائے۔ آج اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ممالک سوچ لیں یہی صہیونی ملک کل آپ کے گلے کی ہڈی بن جائیگا۔

جماعت اہل حرم پاکستان کے زیر اہتمام خاتون جنت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جو مفتی گلزار نعیمی کی زیر صدارت شروع کی گئی ہے، کانفرنس میں سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی، سلطان احمد علی، علامہ راجا ناصر عباس، وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور ثاقب اکبر سمیت دیگر علماء و مشائخ کی شرکت۔

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ اللہ کی رحمت سیدہ فاطمتہ الزہرا سلام اللہ کی عفت کے ساتھ چلتی ہے۔ ہم در زہراہ کے سوالی ہیں اور انہی کے توسط سے مانگتے ہیں۔ آپ کی زندگی میں بہت مشکلات آئیں مگر آپ کے صبر کی بھی انتہا تھی اسی لئے آپ کا ایک لقب صابرہ ہے۔ بدقسمتی سے ایک افتراق کا ماحول پیدا کیا گیا ہے، ہمیں جس انتشار کی طرف لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے اس کو اتحاد کے ساتھ ختم کرنا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یمن، شام، بحرین، عراق سمیت کئی ممالک میں سنیت و شیعت کی بنیاد پر تباہی کی گئی۔ ہمیں مسائل کے حل کے لئے حضرت فاطمتہ الزہرا کی سیرت سے استفادہ کرنا ہوگا۔ آزادی اظہار کا یہ مطلب نہیں کہ آپ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کا دل چھلنی کردیں۔ ناموس رسالت کا بڑا جواب ہونا چاہیئے اس حوالے سے احتجاج کی اپنی اہمیت ہے، اس حوالے سے موثر ترین حل مغرب نے انصاف پسند طبقات کو باور کرائیں کہ اس عمل سے دنیا میں امن خراب ہورہا ہے اور صرف ایک لیڈر کے کہنے سے کچھ نہیں ہوگا امت کو اس حوالے سے متحد ہوکر اقدام اٹھانا ہوگا۔

مولانا محمد شریف ہزاروی کا کہنا تھا کہ حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ انتہائی قابل احترام ہستی ہیں ان کی شان یا فضائل ہم کیا بیان کریں جن کی شان خود حضور اکرم نے بیان فرمائی۔ خاتون کا عملی رول ماڈل اگر کوئی ہیں تو وہ صرف حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا ہیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سے مطالبہ کرتے ہیں نصابی کتب میں اس رول ماڈل کو اجاگر کریں۔

شیخ ہادی الیعقوبی کا کہنا تھا کہ حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا پوری امت کے لیے نکتہ اتحاد ہیں پاکستان اور عراق کے عوام مذہبی و سماجی اقدار میں جڑے برادر ممالک ہیں، ہم کشمیر میں ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم چاہتے ہیں مسئلہ کشمیر و فلسطین ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، بھارت اور اسرائیل کو اپنے مظالم بند کرنا ہونگے، اس حوالے سے امہ کو متحد ہونا ہوگا۔

صاحبزادہ سلطان احمد علی سجادہ نشین دربار سلطان باہو کا کہنا تھا کہ حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا کے نام پر قربان ہیں، ہم فضائل کیا بیان کریں ہم تو ان کے در کے فقیر ہیں، علامہ اقبال بھی فرما گئے ہیں خواتین کے لئے اسوہ کامل حضرت بتول ہیں اور اس وقت اگر ہم اپنے گھروں کو اور ملک کو بے راہ روی سے بچانا چاہتے ہیں تو حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ کی سیرت و کردار سے سبق سیکھنا ہوگا۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔