سابق کپتان نے بابر اور رضوان کو ٹیم سے باہر کرنے کا اشارہ دیدیا

سابق کپتان نے بابر اور رضوان کو ٹیم سے باہر کرنے کا اشارہ دیدیا
کیپشن: babar azam and rizwan
سورس: web desk

(ویب ڈیسک)قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ بابر اور رضوان ٹی 20 میں بیٹنگ کا انداز بدلیں ورنہ ڈراپ ہونے کے لیے تیار رہیں۔

یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف نے کہا کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کو ویرات کوہلی اور روہت شرما کی طرح ٹی 20 میں بیٹنگ تکنیک اپنانی چاہیے۔

راشد لطیف نے کہا کہ روہت شرما کا آئی پی ایل اسٹرائیک ریٹ 130 سے 140 تھا لیکن گزشتہ سال وہ اپنا اسٹرائیک ریٹ 160 پر لے گئے، ویرات کوہلی نے بھی ایسا ہی کیا، اگر یہ دونوں بیٹرز اپنی بیٹنگ کا انداز بدل سکتے ہیں تو کوئی بھی ایسا کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو ٹی 20 میں اپنی بیٹنگ کے انداز کو تبدیل کرنے کے لیے پانچ میچ دوں گا اور اگر وہ ایسا نہیں کرسکتے تو ان کے لیے ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔

راشد لطیف نے کہا کہ بابر اعظم کی سب سے بڑی غلطی دوبارہ کپتانی قبول کرنا تھی، اگر وہ کپتانی جاری رکھتے ہیں تو یہ ان کی اس سے بھی بڑی غلطی ہوگی۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر سابق کرکٹرز اور شائقین کرکٹ کی جانب سے قومی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا,قومی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں ہی باہر ہوگئی تھی، پاکستان کو امریکا اور بھارت نے گروپ میچز میں شکست دی تھی۔

Watch Live Public News