ویب ڈیسک: بھارتی ریاست بہار کے ضلع سارن میں ایک نرسنگ ہوم میں کام کرنے والی لڑکی نے شادی سے انکار پر غصے میں اپنے آشنا کے نازک عضو کاٹ کر بیت الخلا میں بہا دیے۔
تفصیلات کے مطابق ابھیلاشا نامی یہ لڑکی مدھورا میں ایک نرسنگ ہوم چلاتی تھی اور اسی طبی مرکز کے وارڈ کونسلر وید پرکاش کے ساتھ گزشتہ کئی برس سے اس کا معاشقہ چل رہا تھا۔
اس عرصے کے دوران ابھیلاشا اور وید پرکاش نے جسمانی تعلق قائم کیا جس کے نتیجے میں وہ حاملہ ہوگئی تھی۔تاہم ابھیلاشا نے الزام عائد کیا کہ وید پرکاش نے اسے شادی کے نام پر دھوکا دیا۔
ابھیلاشا نے کہا کہ میں نے اپنے ہاتھوں پر مہندی بھی لگالی تھی، وید پرکاش کے کہنے پر ہم نے کورٹ میرج کرلی تھی۔
جب وید پرکاش نے دوبارہ باقاعدہ شادی کرنے سے انکار کیا تو ابھیلاشا نے چاقو سے اس کے نازک عضو کاٹ کر بیت الخلا میں بہا دیے۔
پولیس نے ابھیلاشا کو گرفتار کر کے واردات میں استعمال ہونے والا چاقو بھی برآمد کر لیا۔
ابھیلاشا کا کہنا ہے کہ اسے اپنے آشنا پر بہیمانہ حملہ کرنے کا کوئی افسوس نہیں ہے، جوکہ پٹنا میڈیکل کالج میں شدید زخمی حالت میں زیرِعلاج ہے۔
ایس ایس پی سارن کمار آشیش نے کہا کہ ابھیلاشا اپنے آشنا کی جانب سے شادی سے بار بار انکار پر پریشان تھی، ان کی شادی کی تاریخ 7 سے 8 بار طے کی جا چکی تھی لیکن ان کی شادی ہو نہ سکی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ فوری اطلاع ملنے پر زخمی حالت میں وید پرکاش کو علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا اور ابھیلاشا کو چاقو سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ مزید تحقیقات ابھی جاری ہیں، اس بات کی بھی تفتیش کی جائے گی کہ آیا ابھیلاشا کا نرسنگ ہوم رجسٹرڈ ہے یا نہیں۔